27 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 6:17
موٹروے پر دھند، تین ٹرک اور چار کاریں ٹکرا گئیں
جنگ نیوز -
لاہور… لاہور کے نواح میں دھند چھٹنے کے بعد ٹھوکرنیازبیگ سے بابو صابو انٹرچینج تک موٹروے کو کھول دیا گیا ۔ دھند کے باعث تین ٹرک اور چار کاروں کے ٹکرانے سے زخمی ہونے والے چار افراد کو اسپتال پہنچا دیا گیا ،جہاں ایک زخمی کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ موٹر وے پولیس کے مطابق رات بھر موٹروے پر ہلکی دھند چھائی رہی تاہم ٹریفک سست روی سے چلتی رہی۔ صبح ٹھوکر نیاز بیگ سے بابو صابو انٹر چینج تک وزیبلیٹی صفر ہونے پر 9کلو میٹر کے اس حصے کو بند کر دیا گیا۔ دھند کے دوران ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب موٹروے پر تین ٹرک اور چار کاریں آپس میں ٹکرا گئیں جس سے ایک خاتون سمیت چار افراد زخمی ہوگئے۔ زخمی کار ڈرائیور یونس کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے۔ صبح ساڑھے دس بجے کے قریب دھند ختم ہونے پر موٹروے کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔