27 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 19:33
میمو اسکینڈل، ساری تاریں ایوان صدر سے ہل رہی ہیں، لیاقت بلوچ
جنگ نیوز -
پشاور … جماعت اسلامی پاکستان کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ میمو گیٹ اسکینڈل میں بلی تھیلے سے باہر آگئی ہے اور عوام کو پتہ چل گیا ہے کہ ساری تاریں ایوان صدر سے ہل رہی ہیں۔ وہ پشاور میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔ لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ میمو گیٹ اسکینڈل سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے اور عوام کو جلد ہی حقیقت معلوم ہو جائے گی۔ ا نہوں نے کہا کہ صدر زرداری سیاسی شہید ہونے کے لئے روزانہ نئے ڈرامے رچا رہے ہیں۔ لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ ابھی اتحادی سیاست کا ماحول نہیں بنا، تاہم سیاسی جماعتوں سے رابطے ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے لئے ایم ایم اے کی بحالی، عمران خان اور نوازشریف سے اتحاد سمیت تمام آپشنز موجود ہیں۔تاہم الائنس بنانے کا فیصلہ مناسب وقت پر کیا جائیگا۔