2 جنوری 2012
وقت اشاعت: 7:49
میموگیٹ تحقیقاتی کمیشن کا اجلاس، حسین حقانی پیش نہ ہوئے
جنگ نیوز -
اسلام آباد… میموگیٹ کی تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ کی طرف سے قائم کئے گئے جوڈیشل کمیشن کا پہلااور کھلے کمرے کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا، اس میں اٹارنی جنرل ، وفاقی سیکریٹریز بھی پیش ہوئے تاہم طلب کئے جانے کے باوجود حسین حقانی نہ آئے ۔ میموگیٹ کمیشن کا اجلاس ، اسلام آباد ہائی کورٹ کی عمارت میں بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس فائر عیسی کی زیر صدارت ہوا، اس موقع پر سکیورٹی کے اضافی انتظامات کئے گئے تھے، سیکریٹری کمیشن جواد عباس نے بتایاکہ کمیشن کی کارروائی اوپن رکھی جائے گی، کمیشن کے دیگر ارکان میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اقبال حمیدالرحمن اور سندھ کے چیف جسٹس مشیر عالم شامل تھے ، اجلاس میں آج اٹارنی جنرل مولوی انوارالحق، سیکریٹری خارجہ سلمان بشیر، سیکریٹری کیبنٹ نرگس سیٹھی ، ڈپٹی اٹارنی جنرل اور وزارت خارجہ کے لیگل ایڈوئزر موجود تھے، حسین حقانی کے موجود نہ ہونے پر کمیشن نے جب پوچھا تو اٹارنی جنرل نے بتایاکہ انہیں سیکریٹری داخلہ کی وساطت سے آگاہ کردیا تھا۔