4 جنوری 2012
وقت اشاعت: 2:50
پاک فوج سے بات چیت جاری ،نیٹو سپلائی جلد بحال ہونے کی توقع
جنگ نیوز -
واشنگٹن ... امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کا کہنا ہے نیٹو حملے کی جامع تفتیش کی گئی، جس میں امریکا نے اپنی غلطیوں کا اعتراف اور ذمہ داری قبول کرلی ہے ، تناوٴ کے باوجود دونوں ممالک کی افواج کے درمیان بات چیت جاری ہے۔امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے پریس سیکریٹری جارج لٹل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مہمند ایجنسی میں نیٹو حملے کی تفتیش کی رپورٹ پاکستان کو بھی دی ہے۔ امریکا نے نیٹوحملے پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اور حملے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کے لیے معاوضے کی پیش کش بھی کرچکا ہے، اس کے باوجود پاکستان نے زمینی راستے سے نیٹوکی سپلائی بند کردی۔ جارج لٹل کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ پاکستان نیٹو سپلائی جلد بحال کردے گا۔ افغان جنگ کے لیے نیٹو کی سپلائی ضروری ہے۔اور اس وقت افغانستان میں فضائی راستے اور وسطیٰ ایشیائی ریاستوں کے ذریعے سامان بھجوایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ گزشتہ ایک سال کے دوران تعلقات میں تناوٴ رہا ہے مگرہم وقت کے ساتھ تعلقات بہتربنانا چاہتے ہیں۔