6 جنوری 2012
وقت اشاعت: 7:52
سندھ :ماتحت عدالتی عملے کی مطالبات کے حق میں قلم چھوڑ ہڑتال
جنگ نیوز -
کراچی… کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں ماتحت عدالتی عملے نے تنخواہوں میں اضافہ نہ ہونے پر احتجاجا کام چھوڑدیا ہے۔تنخواہوں میں اضافہ نہ ہونے کے خلاف کراچی کی ماتحت عدالتوں کے ملازمین نے سٹی کورٹ اور ملیر کورٹ میں قلم چھوڑ ہڑتال کی۔ملازمین عدالتی امور چھوڑ کر مطالبات کے لئے احتجاج پرچلے گئے۔ملازمین کا کہنا تھا کہ سندھ بھر میں ماتحت عدالتوں کے ملازمین کی ہڑتال کل بھی جاری رہے گی۔ لاڑکانہ اور قمبر شہداد کوٹ اضلاع میں سیشن کورٹس اورماتحت عدالتوں کے عملے نے دو روزہ احتجاجی ہڑتال شروع کر دی ہے۔عدالتی عملے نے دفاترکو تالا لگاکر جناح باغ میں احتجاجی مظاہرہ کیا،ہڑتال کے باعث سیکڑوں مقدمات کی سماعت نہیں متاثر رہی۔ کشمور،شکارپوراورجیکب آباد میں ماتحت عدالتوں کے عملے نے بھی تنخواہوں میں اضافہ نہ ہونے کیخلاف کام چھوڑ ہڑتال کی جس کے باعث عدالتوں میں سناٹا چھایا رہا۔دادواورخیرپور میں عدالتی عملے نے تنخواہ ہائی کورٹ کے ملازمین کے برابر نہ کرنے پردفاتر کو تالا لگا کر احتجاج کیا۔