تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
6 جنوری 2012
وقت اشاعت: 11:29

صدر زرداری کی زیر صدارت اتحادیوں کا اہم اجلاس

جنگ نیوز -


اسلام آباد… صدر آصف علی زرداری کی زیر صدارت نئے صوبوں کے قیام،سینیٹ انتخابات فروری کے آخر میں کرانے اور عام انتخابات سمیت متعلقہ امور پر مشاورت کے لیے اتحادی جماعتوں کے منتخب رہنماوٴں کا اہم اجلاس جاری ہے۔جیو نیوز کے نمائندے ارشد وحید چودھری کے ذرائع کے مطابق ایوان صدر کے اس اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما سینیٹر چودھری شجاعت حسین،سینئر وزیر چودھری پرویز الٰہی،اے این پی کے سینیٹر حاجی عدیل،ایم کیو ایم کے قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر فاروق ستار ،وفاقی وزیر بابر خان غوری،بی این پی عوامی کے وفاقی وزیر میر اسرار اللہ زہری،فاٹا کے پارلیمانی لیڈر منیر خان اورکزئی،آزاد رکن قومی اسمبلی نور الحق قادری ، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ،بابر اعوان اور راجہ پرویز اشرف شریک ہیں۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ فنکشنل کے رہنما حاجی خدا بخش راجڑ کو بھی دعوت دی گئی تھی تاہم انہوں نے مصروفیات کی وجہ سے معذرت کر لی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں ہزارہ اور جنوبی پنجاب میں نئے صوبوں کے قیام پر اتحادیوں میں اتفاق رائے پیداکرنے کی کوشش کی جارہی ہے جبکہ سینیٹ انتخابات فروری کے آخر میں منعقد کرانے، ایک دوسرے کی حمایت اور آئندہ عام انتخابات کے انعقاد پر مشاورت کی جا رہی ہے۔اجلاس میں ایم کیو ایم اور اے این پی کے درمیان حالیہ کشیدگی کو دور کرنے کی بھی کوشش کی جا رہی ہے جبکہ دونوں جماعتوں کے راہنماوٴں نے اس حوالے سے اپنے تحفظات بھی ظاہر کیے ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.