تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
9 جنوری 2012
وقت اشاعت: 14:58

میمو تحقیقات میں تیزی،جنرل پاشا میمو کمیشن آنے کے لیے تیار

جنگ نیوز -


اسلام آباد …میمو کمیشن نے ڈی جی آئی ایس آئی کو اپنا بیان ان کیمرا ریکارڈ کرانے کی فوری اجازت نہیں دی اور کہا ہے کہ ان کے پاس معلومات اتنی ہی حساس ہیں تو بند لفافے میں دے دیں، جس کاجائزہ لینے کے بعد کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔ کمیشن نے حکومت کو حکم دیا ہے کہ منصور اعجاز کو ملٹی پل ویزا جب کہ سیکیورٹی کے لیے فوج اورپولیس کا چھوٹا یونٹ دیاجائے۔ عدالتی کمیشن کے اجلاس کے دوران ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل احمد شجاع پاشا کا خط پیش کیا گیا جس میں انہوں نے استدعا کی تھی کہ وہ کمیشن کے سامنے پیش ہونے کو تیار ہیں تاہم کارروائی ان کیمرا کی جائے۔ڈی جی آئی ایس آئی کی طرف سے یہ خط آئی ایس آئی کے کرنل خالد نے کمیشن کوپیش کیا۔ ڈی جی آئی ایس آئی نے خط میں کہا ہے کہ وہ 9 جنوری کو کسی بھی مناسب وقت پر بریفنگ دے سکتے ہیں۔عدالتی کمیشن کے سربراہ جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے کہا کہ ایسا کون سا مواد ہے جو اتنا حساس ہے ؟ اور اگر اتنا ہی حساس مواد ہے تو سربمہر لفافے میں دے دیں، کمیشن پہلے جائزہ لے گا پھر ڈی جی آئی ایس آئی کا بیان ان کیمرا کارروائی میں ریکارڈ کرنے یا نہ کرنے بارے کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔ کمیشن کے سربراہ نے اٹارنی جنرل کو بھی خط پڑھنے کے لیے دیا تاہم انہوں نے بتایا کہ ان کے علم میں یہ خط نہیں ہے۔ پاک فوج کی جیگ برانچ کے جج ایڈووکیٹ جنرل ، بریگیڈئر نوبہار کی طرف سے ایک تحریری جواب اٹارنی جنرل آفس کے ذریعے کمیشن کو بھیجا گیا ہے جس میں کہاگیا ہے کہ آرمی چیف، میمو معاملے پر حقائق سے متعلق اپنا تحریری بیان پہلے ہی جمع کراچکے ہیں، وہ پہلے سے طے شدہ چین کے دورے پر ہیں اس لیے وہ آج کمیشن کے روبرو پیش نہیں ہوسکتے۔








متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.