تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
9 جنوری 2012
وقت اشاعت: 16:31

شہید عسکری کے قاتل گرفتار نہ ہوئے تو شدید احتجاج کرینگے،شعیہ علماء

جنگ نیوز -
کراچی …شہید عسکری رضا کی شہادت کو آٹھ روز گزر جانے کے باوجو دبھی کالعدم دہشت گرد گروہ کے سر براہ سمیت دیگر ملزمان اب تک گرفتار نہیں ہوئے، جو کہ حکومتی وعدوں اور کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے،گورنر سندھ وعدے پورے کریں ،نشان زدہ قاتلو ں کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار شیعہ علماء،ذاکرین،ماتمی انجمنوں سمیت قومی و ملی تنظیموں کے نمائندوں نے کراچی پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ پریس کانفرنس میں جعفریہ الائنس کے مرکزی رہنما علامہ فرقان حیدر عابدی،سلمان مجتبیٰ ،آل پاکستان شیعہ ایکشن کمیٹی کے مولانا مرزا یوسف حسین،مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مولانا منور نقوی،امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے رکن نطارت مولانا عقیل موسیٰ،شیعہ علماء کونسل کے رہنما ؤں سمیت مرکزی تنظیم عزاء کے جنرل سیکرٹری سلمان مجتبیٰ اور امامیہ آرگنائزیشن پاکستان کے لئیق الزمان سمیت دیگر شریک تھے۔ رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے اور قرار واقعی سزا دی جائے بصورت دیگر ملت جعفریہ زبردست احتجاجی تحریک چلائے گی،انھوں نے کہا کہ گورنر سندھ وعدے کے مطابق چوہدری اسلم کے خلاف جوڈیشل کمیشن قائم کریں اور یہ تحقیقاتی کمیشن ڈی آئی جی مجید دستی اور ڈی آئی جی سلطان خواجہ کی نگرانی میں تشکیل دیا جائے ،رہنماؤں نے آئی جی سندھ کی جانب سے گورنر ہاؤس پر احتجاجی دھرنے کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے شیعہ علماء و رہنماؤں کی سیکورٹی واپس لینے کے شرمناک عمل کی شدید مذمت کی۔شیعہ رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ چہلم امام حسین علیہ السلام کے موقع پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے بصورت دیگر کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہو گی، محرم الحرام سے قبل سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کی یقین دہانی کروائی گئی تھی تاہم یکم محرم کو دو شیعہ اسکاؤٹس کی شہادت،حسن کالونی میں مجلس پر دہشت گردوں کی فائرنگ،شاہ فیصل میں مرکزی جلوس عزاء میں دہشت گردوں کے حملوں اور پھر شہید عسکری رضا کی شہادت نے تمام تر حکومتی دعووئں اور اعلانات کی قلعی کھول دی ہے ۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.