تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
9 جنوری 2012
وقت اشاعت: 17:31

شاہ بھٹائی کے پیغام کو دنیا کے کونے کونے میں پھیلایا جائے ،قائم علی شاہ

جنگ نیوز -
کراچی …وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی ایک عظیم صوفی بزرگ اور بین الاقوامی سطح کا بڑا شاعر ہے، جس نے اپنے عہد کے حالات، واقعات، تفکرات، معاشرتی و معاشی صورتحال،عوام کے جذبات اور تصورات کو واضح انداز میں اپنی شاعری میں پیش کیا ہے۔یہ بات انہوں نے حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی کے268ویں سالانہ عرس کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی۔ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ شاہ لطیف نے عوام کے دکھوں، تکالیف، مسائل کے ساتھ ساتھ اپنے عہد کی تاریخ، سیاسی واقعات اور بین الاقوامی صورتحال کو اچھے طریقے سے بیان کیا ہے، جبکہ ان کا کلام آفاقی نوعیت کا ہے ،کیونکہ انہوں نے اپنے اشعار میں سندھ اور سندھ کے عوام کے ساتھ پورے عالم کی ترقی اور خوشحالی کیلئے بارگاہ الہٰیمیں دعا کی ۔سید قائم علی شاہ نے کہا کہ شاہ صاحب کا کلام الله تعالیٰ کے کلام پاک کی افادیت،عظمت اور اسی پس منظر کا منظوم سندھی ترجمہ ہے اور یہ حکومت کی ذمہ د اری ہے کہ شاہ بھٹائی کے آفاقی کلام کو دنیا کی مختلف زبانوں میں شایع کرکے دنیا کے کونے کونے میں ان کے پیغام کو پھیلانے کا اہتمام کرے۔انھوں نے کہاکہ حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی کا کلام آفاقی ہے اور انہوں نے دنیا کے تناظر میں اپنے ماحول، حالات اور واقعات کو اشعار میں قلمبند کیا ہے۔وزیرا علیٰ سندھ نے سندھ میں آباد طبقات، افراد اور لوگوں پر زور دیا کہ وہ صوبہ سندھ میں امن، محبت، بھائی چارگی اور ایک دوسرے کو برداشت کرنے کی فضا کو فروغ دیں اور نفرتوں اور ایک دوسرے کے خلاف کسی پیش رفت سے اجتناب برتیں تاکہ صوبے میں ہر طبقے اور ہر شخص کا احترام ہو۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے صوبہ میں بسنے والوں پر زور دیا کہ وہ ان بزرگوں کی تعلیمات پر عمل کرکے صوبہ سندھ کو ترقی، خوشحالی اور بہتری کی طرف لے جانے کیلئے حکومت کی کوششوں میں اپنا بھرپور تعاون جاری رکھیں۔ سید قائم علی شاہ نے نئی نسل بالخصوص نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تعلیم کے حصول کی طرف بھرپور توجہ دیں اور محنت ، جدوجہد اور مقابلہ تعلیم کو اپنے کیرئیر کا حصہ بناتے ہوئے شاہ لطیف  کے پیغام پر عمل پیرا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت سندھ بھٹ شاہ کی ترقی اور بیوٹیفکیشن کیلئے ضروری اقدامات کررہی ہے جس کا آغاز شہید ذوالفقار علی بھٹو نے بطور وفاقی وزیر تجارت، بطور صدر پاکستان اور بطور وزیر اعظم پاکستان کیا تھا اور ان منصوبوں کی تائید و توسیع شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے بطور وزیر اعظم پاکستان کی تھی۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے مزید کہاکہ حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی کے پیغام کو دنیا کے کونے کونے میں پھیلانے کیلئے تمام اقدامات کئے جارہے ہیں اور اس میں محکمہ ثقافت سندھ، محکمہ اوقاف سندھ، سندھی ادبی بورڈ، سندھی لینگئیج اتھارٹی، محکمہ اطلاعات سندھ کے علاوہ دیگر سرکاری ادارے اور کئی غیر سرکاری علمی وادبی تنظیمیں بھی اس ضمن میں نمایاں کردار ادا کررہی ہیں۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.