تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
9 جنوری 2012
وقت اشاعت: 18:19

سندھ کے فٹبال کھلاڑیوں پر مقامی ٹورنامنٹ کھیلنے پر پابندی عائد ہے

جنگ نیوز -
کراچی…شکیل یامین کانگا …سندھ فٹ بال ایسو سی ایشن نے آئین اور قانون کو بالائے طاق رکھتے ہوئے صوبے کے ڈپارٹمنٹ کھلاڑیوں پر کسی بھی مقامی ٹورنامنٹ میں کھیلنے پر پابندی عائد کئی ہوئی ہے۔ کراچی سے تعلق رکھنے والے تمام ڈپارٹمنٹس کے کھلاڑی اس وقت کسی بھی مقامی ٹورنامنٹ یا لیگ میں حصہ نہیں لے رہے ہیں۔ حالانکہ ہوتا یہ ہے کہ کھلاڑی اپنی فٹنس برقرار رکھنے کیلئے اپنے شہر اور ملک میں ہونے والے تمام ایونٹس میں حصہ لے سکتا ہے۔ پی ایف ایف کے آئین کے مطابق کسی بھی ڈپارٹمنٹس کا کھلاڑی صرف ڈسٹرکٹ لیگ اور ڈسٹرکٹ چیپمئن شپ کے دوران اپنے ادارے سے کھیلنے کا پابند ہوتا ہے دیگر صورتوں میں وہ کہیں سے بھی کھیل سکتا ہے، حیران کن بات یہ ہے کہ ڈپارٹمنٹس کے کھلاڑیوں پر یہ پابندی صرف سندھ میں عائد ہے جبکہ پورے ملک یعنی پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخواہ کے کھلاڑی مقامی لیگ اور کلب ٹورنامنٹس میں حصہ لے رہے ہیں۔ سندھ فٹ بال ایسو سی ایشن پی ایف ایف کے بنائے ہوئے آئین کی پاسداری سے انکار کررہی ہے جس کی وجہ سے کھلاڑی مستقبل پریکٹس کرنے سے محروم ہورہے ہیں۔ جنگ نے جب سندھ فٹ بال ایسو سی ایشن کے سیکرٹری جان محمد سے ڈپارٹمنٹس کے کھلاڑیوں کو مقامی ٹورنامنٹس اور لیگ میں حصہ لینے سے متعلق سوال کیا تو انہوں نے بتایا کہ پی ایف ایف نے ایس ایف اے زبانی ہدایت کی تھی کہ ڈپارٹمٹنس کے کھلاڑی کسی دوسرے کلب یا ٹیم سے نہیں کھیل سکتے، اب ہم نے فیڈریشن کو خط لکھا ہے جس کا تفصیلی جواب جلد موصول ہوجائے گا۔ اس کے بعد فیصلہ کریں گے۔ اس سوال پر کہ آپ ابھی بھی ایس ایف اے کے سیکرٹری کے فرائض انجام دے رہے ہیں انہوں نے بتایا کہ مجھے آج ہی سیکرٹری کی حیثیت سے پی ایف ایف کی جانب سے خط ملا موصول ہوا ہے۔ دریں اثناء ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن کراچی ایسٹ کے زیراہتمام کھلاڑیوں میں نئے رجسٹریشن کارڈ تقسیم کئے جائیں گے۔ جنرل سیکریٹری عبیدالله خان نے ڈسٹرکٹ ایسٹ میں الحاق شدہ فٹبال کلبوں کے کھلاڑیوں کے نئے کمپیوٹرائزڈ کارڈ کا اجراء منگل کو ہوگا اور سندھ فٹ بال کے صدر سید خادم علی شاہ متعلقہ کھلاڑیوں میں نئے کمپیوٹرائزڈ کارڈ تقسیم کریں گے۔ سیکریٹری ایسٹ کے مطابق ڈسٹرکٹ ایسٹ کی تاریخ میں پہلی بار الحاق شدہ فٹبال کلبوں کے کھلاڑیوں کیلئے کمپیوٹرائزڈ کارڈ تیار کئے گئے ہیں تاکہ بوگس کارڈ کے خاتمہ کو یقینی بنایا جاسکے۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.