9 جنوری 2012
وقت اشاعت: 19:9
پنجاب اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی
جنگ نیوز -
لاہور…پنجاب اسمبلی کا بتیسواں اجلاس ایک ماہ جاری رہنے کے بعد غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا گیا۔اپوزیشن رکن عظمیٰ بخاری نے بولنے کی اجازت نہ ملنے پر واک آوٴٹ کیا، اجلاس کے آخری دنوں میں ارکان کی عدم دلچسپی نہ صرف برقرار بلکہ نمایاں رہی۔وقفہ سوالا ت میں وزیر جنگلات ملک احمد علی اولکھ نے بتایا کہ جنگلات میں صرف ایک فیصد اضافے کے لئے پانچ لاکھ ایکڑ رقبہ اور دس ارب روپے درکار ہوں گے، وزیر قانون کے جواب سے مطمئن نہ ہونے پر اپوزیشن رکن عظمیٰ بخاری ا سپیکر سے الجھ پڑیں اورکہا کہ آپ ہمیں کچی جماعت کے طلبہ کی طرح ٹریٹ نہ کریں، ا سپیکر نے کہا کہ اسمبلی قوانین کا قاعدہ انھوں نے نہیں بنایا جس پر عظمیٰ بخاری نے واک آوٴٹ کیا۔اپوزیشن رکن محسن لغاری نے جنوبی پنجاب کے لئے الگ پبلک سروس کمیشن اوراحمد خان بلوچ نے ملازمتوں کاکوٹہ مقرر کرنے کا مطالبہ کیا۔ رانا عبدالرحمنٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب پبلک سروس کمیشن کیلئے جوہر ٹاوٴن میں نئی بلڈنگ تعمیر کی جائے اور اسے مالی خود مختاری دی جائے۔رانا ثناء اللہ نے یقین دلایا کہ ارکان کی تجاویز کابینہ میں پیش کی جائیں گی جس کے بعد ا سپیکر نے اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کردیا۔