5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:43
سپریم کورٹ: سوئس کیسز کی بحالی سے متعلق وزارت قانون کی سمری مسترد
جنگ نیوز -
اسلام آباد…سپریم کورٹ نے صدر آصف علی زرداری سے متعلقہ سوئس مقدمات بحال کرنے سے متعلق اپنے حکم پر وفاقی وزارت قانون کی عمل درآمد سمری مسترد کرتے ہوئے نئی سمری تیار کرنے کا حکم دیا ہے ، عدالت نے ریمارکس میں کہا ہے کہ وزارت قانون تو وزیراعظم کو بھی گمراہ کررہی ہے?جسٹس ناصرالملک کی سربراہی سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بنچ نے این آر او فیصلہ پر عمل در آمد کیس کی سماعت کی ، وزارت قانون کے قائم مقام سیکریٹری سلطان شاہ نے وہ سمری عدالت میں پیش کی جو سوئس مقدمات کے حوالے سے وزارت قانون کی طرف سے وزیراعظم کو بھیجی گئی ہے، عدالت نے اس پر عدم اطمینان کا اظہار کردیا اور یہ بھی کہا کہ سوئس مقدمات بند کرنے سے متعلق گزشتہ دور حکومت میں لکھے گئے خط کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، جسٹس طارق پرویز نے ریمارکس میں کہا کہ اس سمری میں تو وزیراعظم کو بھی گمراہ کیا گیا ہے، جسٹس ناصرالملک نے کہا کہ یہ سمری تو عمل درآمد تو نہیں بلکہ عمل نہ کرنے کی ہے، عدالت نے مقدمہ کی مزید سماعت جولائی کے پہلے ہفتے تک ملتوی کرتے ہوئے حکم دیا کہ وزارت قانون اس تاریخ پر نئی سمری پیش کرے جو منی لانڈرنگ کیس اور سوئس مقدمات کھولنے کے حکم پر عمل درآمد سے متعلق ہو?