5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
مقامی سطح پر کاٹن کی طلب میں اضافے کا رجحان
جنگ نیوز -
کراچی…عالمی سطح پر کاٹن کی بڑھتی ہوئی قیمت اور 26 جولائی سے یارن پر ڈیوٹی کے متوقع خاتمے پر مقامی سطح پر کاٹن کی طلب میں اضافہ دیکھا جارہا ہے جس نے کپاس کی فی من قیمت کو 7400 روپے فی من کی بلند ترین سطح پر پہنچا دیا۔کراچی کاٹن بروکرز فورم کے چیئرمین نسیم عثمان نے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ کپاس کی قیمت میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح کے ساتھ مقامی مارکیٹ میں یارن پر برآمدی ڈیوٹی کے خاتمے کے پیش نظر اس کی طلب میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔کپاس کے ساتھ پھٹی کی قیمت بھی 3400روپے فی من کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ پھٹی اور کپاس کی قیمتوں میں اضافے نے انھیں 62 سالہ تاریخی ریکارڈ بنا دیا ہے، جب کہ ایک سال کے دوران ان کی قیمتوں میں 110 فی صد سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔