5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
موجودہ حکومت ایک سال بعد از خود ختم ہوجائے گی،چوہدری شجاعت
جنگ نیوز -
سرگودھا . . . مسلم لیگ قائد اعظم کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ مڈٹرم انتخابات مسائل کا حل نہیں ہیں، موجودہ حکومت ایک سال بعد از خود ختم ہوجائے گی۔قصر سلطان سرگودھا میں مسلم لیگ ق کے اراکین پارلیمنٹ اور ضمنی انتخابات کے سلسلے میں اپنے امیدواروں کا اعلان کرنے کے دوران میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مسلم لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ مسلم لیگ اب تک اے سے زیڈ تک تو بن چکی ہے اب لٹیروں کے لئیے الگ مسلم لیگ بننی چاہیے۔ لاہور میں داتا دربار میں ہونے والے دہشت گردی سمیت ملک بھر میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ وزرا اپنی زبان کو لگام دیں اور علما کرام کے خلاف اشتعال انگیز زبان استعمال نہ کریں، اس سے صورتحال بہتر ہونے کے بجائے مزید خراب ہوگی۔چوہدری شجاعت حسین نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ موجودہ حکومت کی کارکردگی ہے ہی نہیں پھر بہتر ہونے کا کیا جواب دیا جائے۔ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ میثاق جمہوریت کو مسلم لیگ نواز اور پیپلز پارٹی نے مذاق بنا کر رکھ دیا ہے۔ ضمنی انتخاب میں اپنے مد مقابل کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ انھوں نے حکومت کو خبردار کیا کہ عدلیہ کے ساتھ ٹکراؤ کی پالیسی اختیار کرنے کے بجائے ان کے فیصلے کا احترام کیا جائے۔