5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
لاہور: کیمیکل فیکٹری کے ایک حصے کی چھت گرنے سے دو افراد ہلاک
جنگ نیوز -
لاہور …لاہور کے نواحی علاقے کالاشاہ کاکو میں کیمیکل فیکٹری کے ایک حصے کی چھت گرنے سے دو افراد ہلاک جبکہ دو شدید زخمی ہو گئے۔پولیس کے مطابق جی ٹی روڈ پر واقع کیمکل فیکٹری کی گرنے والی چھت ایک بند پلانٹ کی تھی جسے خستہ حالت کے باعث پہلے ہی بند کردیا گیاتھا۔واقعے کی اطلاع پر ڈی سی او شیخوپورہ اور ڈی سی او لاہور، ریسکیو1122 سمیت پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پہنچ گئی تاہم ریسکیو کے جوانوں نے1 گھنٹے کی کوشش کے بعد دو لاشوں کو ملبے کے نیچے سے نکال لیا جبکہ دو زخمیوں کو مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت باہرنکالا۔پولیس کے مطابق فیکٹری میں تقریبا تین ہزار مزدور کام کرتے ہیں جبکہ چھٹی کے باعث فیکٹری میں مزدورں کی بہت کم تعداد موجود تھی ۔