تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44

این ایف سی ایوارڈ کی طرح پانی کا مسئلہ بھی حل کرلیں گے ،وزیر اعظم

جنگ نیوز -
کراچی…وزیر اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے وائس چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ این ایف سی کی طرح پانی کا معاملہ بھی افہام و تفہیم سے حل کرلیا جائے گا ۔وزیر اعلیٰ ہاؤس کراچی میں پیپلز پارٹی لاڑکانہ ڈویژن کے رہنماؤں، عہدیداروں اور اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے سید یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ ملک کا مستقبل جمہوریت میں ہے۔ اسی کی خاطر محترمہ بے نظیر شہید اور دیگر کارکنوں نے قربانیاں دیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شہیدوں کا خون رنگ لائے گا اور ملک میں جمہوریت قائم رہے گی اور اگر جمہوریت کے خلاف کوئی سازش ہوئی تو ملک کے عوام اور پیپلز پارٹی کے کارکن اس کی حفاظت کریں گے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے اقلیتوں کیلئے بجٹ میں زائد فنڈز رکھے ہیں ۔انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ خواتین اور اقلیتوں کے لیے مختص کوٹے پر عمل کرائیں گے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انہیں نوکریوں کے حوالے سے شکایات ملی ہیں،انہیں درست کرلیا جائے کہیں ایسا نہ ہو کہ وہ انہیں نوکریوں پر پابندی عائد کرکے ایک نئی پالیسی وضع کرنی پڑے۔انہوں نے کہا کہ نوکریاں میرٹ اور قانون کے تحت دی جائیں گی۔لاڑکانہ ڈویژن میں پانی کی کمی اور چشمہ جہلم لنک کینال کی شکایات پر سید یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ پانی کے مسئلے پر منگل کو اجلاس طلب کیا ہے جس میں چاروں وزیراعلیٰ شرکت کریں گے۔ وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ این ایف سی کی طرح پانی کا مسئلہ بھی افہام و تفہیم سے حل کرلیا جائے گا ۔تقریب سے پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل سینیٹر جہانگیر بدر، وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور لاڑکانہ ڈویژن کے صدر اور صوبائی وزیر بلدیات آغا سراج درانی نے بھی خطاب کیا ۔تقریب کے دوران شرکاہ نے وزیر اعظم کو ڈویژن میں پانی کی کمی، ترقیاتی منصوبوں ، امن و امان کی خراب صورتحال اور وفاق کی جانب سے نوکریوں سے متعلق مسائل بیان کیئے۔




متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.