5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
یوسف شاہوانی اورگلفرازخٹک رابطہ کمیٹی میں شامل،الطاف حسین کی توثیق
جنگ نیوز -
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ بلوچستان کے آرگنائزریوسف شاہوانی اورمتحدہ آرگنائزنگ کمیٹی کے انچارج گلفرازخان خٹک ایڈووکیٹ کورابطہ کمیٹی میں شامل کرلیاگیاہے۔ قائد تحریک الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی میں یوسف شاہوانی اورگلفرازخان خٹک ایڈووکیٹ کی شمولیت کے فیصلے کی توثیق کردی ہے۔ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی میں مزید دوارکان کی شمولیت کے بعدرابطہ کمیٹی کے ارکان کی تعداد35ہوگئی ہے۔دریں اثنا رابطہ کمیٹی نے آٹے اور چینی کی ذخیرہ اندوزی کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ آٹے ، چینی اوردیگراشیاء کی ذخیرہ اندوزی کرکے جو عناصر ناجائز منافع خوری کررہے ہیں وہ غریب عوام کے کھلے دشمن ہیں۔اپنے ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ قائدتحریک الطاف حسین مہنگائی کے خاتمے اورعوام کی مشکلات کے حل کیلئے مسلسل کوشاں ہیں اوراس سلسلے میں گزشتہ روزلاہورمیں”مہنگائی اورعوام کی مشکلات“ کے موضوع پرسیمینارسے اپنے خطاب میں مہنگائی اوربے روزگاری کے اسباب سے عوام کوآگاہ کرچکے ہیں۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ارباب اختیار و اقتدار صدر مملکت آصف علی زرداری ، وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی ، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور وزیراعلیٰ پنجاب شہبا زشریف آٹے اور چینی کی ذخیرہ اندوزی کرکے ناجائز منافع خوری کا سختی سے نوٹس لیں اور اس زخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لاکر آٹے ، چینی اور دیگر بنیادی ضروریات کی اشیاء کو رعایتی نرخ پر عوام تک پہنچانے کیلئے خصوصی اقدامات بروئے کار لائیں ۔