5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
ملک بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا
جنگ نیوز -
اسلام آباد…ملک کے بالائی علاقوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ پیر، منگل اوربدھ تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کاامکان ہے جبکہ آج دن کے اوقات میں گوجرانوالہ، سیالکوٹ،لاہور اور فیصل آبادڈویژن میں بعض مقامات پر تیز آندھی کے علاوہ گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔گزشتہ چند روز سے ملک میں جاری گرمی کی شدت کا زور ٹوٹ گیا۔ آج شام اور رات کشمیر، اسلام آباد سمیت پنجاب،بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں تیز ہواؤں کے ساتھ مزید بارش جبکہ سندھ کے ساحلی علاقوں میں ہلکی بارش کاامکان ہے۔ گزشتہ24گھنٹوں کے دوران راولپنڈی،اسلام آباد،گوجرانوالہ،فیصل آباد،سرگودھاہزارہ ڈویژن اور کشمیر میں بعض مقامات پرتیز آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی،سب سے زیادہ جہلم میں48 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔منڈی بہاوالدین47، ایبٹ آباد35، نور پور تھل29، دیر28، منگلا26، گڑھی دوپٹہ20،اسلام آباد16، مظفرآباد14، راولپنڈی12، فیصل آباد12 اور روالا کوٹ میں5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔آج صبح راول پنڈی اسلام آباد میں آندھی اور طوفان کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔ علی الصبح ہونے والی یہ بارش مون سون کی پہلی بارش ہے،گرج چمک کے ساتھ ہونیوالی اس بارش سے جڑواں شہر جل تھل ہوگئے اور موسم خوشگوار ہوگیا، راولپنڈی اسلام آباد کے علاوہ دیگر بالائی علاقوں اور ملک کے شمالی علاقہ جات میں بھی تیز بارش اور آندھی کی اطلاعات ہیں۔لاہور میں گرج چمک اورموسلا دھار بارش کے باعث موسم خوشگوارہوگیا جبکہ مختلف نشیبی علاقوں میں پانی کھڑاہوگیا۔بارش کے باعث ایک گھر کی چھت گرنے سے چارافرادزخمی ہوگئے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون بارشوں کاسلسلہ آئندہ چوبیس گھنٹے تک جاری رہنے کاامکان ہے، شہرمیں علی الصبح چار بجے اورصبح نوبجے شدیدبارش ہوئی جس سے شہر کے متعدد نشیبی علاقوں میں پانی کھڑاہوگیا۔بارش کے باعث لاہور کینال کے اکثر انڈر پاس پانی کھڑاہونے کے باعث ٹریفک کیلئے بند ہوگئے اورٹریفک کانظام درہم برہم ہوگیا۔بارش کے باعث مواصلا ت کانظام بری طرح متاثرہوا اورشہر میں مختلف موبائل فون کمپنیوں کے سسٹم میں خرابی صارفین کے لئے مشکلا ت کا باعث بنی رہی ۔شمالی چھاؤنی کے علاقے میں بارش کے باعث ایک گھرکی چھت گرگئی جس سے دوخواتین سمیت چارافراد ملبے تلے دب کر زخمی ہوگئے۔بنوں میں مختلف علاقوں میں بارش ہوئی جبکہ ککی کے علاقے میں آسمانی بجلی گرنے سے خاتوں جاں بحق ہوگئی۔جڑانوالہ گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی۔فیصل آباد میں سائن بورڈ، اور دیوار گرنے سے5 افرا زخمی ہوگئے جبکہ ،نشیبی علاقوں اور گھروں میں پانی داخل ہوگیا۔