5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
مہمند ایجنسی خود کش دھماکا : چوتھے روز بجلی کی بحالی کا کام شروع کردیا گیا
جنگ نیوز -
پشاور…مہمند ایجنسی یکہ غنڈ خود کش دھماکے کے چوتھے روز بجلی کی بحالی کا کام شروع کردیا گیا ہے، جبکہ اس دھماکے میں106 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔مہمند ایجنسی کے تحصیل یکہ غنڈ میں جمعے کے روز اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ کے دفتر کے باہر خود کش دھماکے میں106 افراد جاں بحق جبکہ65 زخمی ہوئے تھے۔ بیشتر زخمی پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں پانچ کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ آج دھماکے کے چوتھے روز تباہ ہونے والے بجلی کے نظام کو دوبارہ بحال کرنے کیلئے کام شروع ہوگیا ہے،جبکہ یکہ غنڈ میں ماحول سوگوار ہے اور بازاروں میں کاروباری سرگرمیاں پوری طرح شروع نہیں کی جاسکی۔پولیٹیکل انتظامیہ کی جانب سے اعلان کردہ امداد اب تک متاثرین کو نہیں دی گئی ہے۔ جاں بحق ہونیوالے افراد کے گھروں پر فاتحہ خوانی اور قرآن خوانی کا سلسلہ جاری ہے۔ دوسری جانب تحصیل حلیم زئی میں منڈی بازار کے قریب بم ڈسپوزل اسکواڈ ایک بم کو ناکارہ بنا دیا جبکہ فورسز نے پانچ مشکوک افراد کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔ مہمند ایجنسی میں سکیورٹی کے انتظامات انتہائی سخت ہیں تمام داخلی اور خارجی راستوں پر سکیورٹی فورسز کی جانب سے سخت چیکنگ جاری ہے۔دوسری جانب مہمند ایجنسی یکہ غنڈ کے خود کش دھماکے کے 43 زخمی اب بھی پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔ جن میں تین افرد کی حالت نازک ہے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق مہمند ایجنسی کی تحصیل یکہ غونڈ میں خود کش دھماکے کے 97 زخمیوں کو ایل آر ایچ طبی امداد کیلئے منتقل کیا گیاتھا،جن میں53 زخمیوں کو فوری طبی امداد کے بعد فارغ کردیا تھا۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق43زخمی اب بھی زیرعلاج ہیں۔ جن میں چار بچے بھی شامل ہیں، جبکہ تین زخمیوں کی حالت نازک ہے۔