تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44

طالبان سے مفاہمت کی کوششوں میں کرزئی کو امریکی حمایت حاصل

جنگ نیوز -
واشنگٹن …امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ افغان صدر حامد کرزئی عسکریت پسندوں کے ساتھ امن بات چیت کو آگے بڑھانے کیلئے پچاس سابق طالبان حکام کے نام اقوام متحدہ کی دہشت گردوں کی فہرست سے فوری خارج کرانا چاہتے ہیں۔ امریکی حکام نے بھی جلد از جلد فہرست ہلکی کرنے پر زور دینا شروع کردیا۔واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق کرزئی حکومت نے عسکریت پسندوں سے امن مذاکرات کیلئے سرکاری طور پر تو تشدد ترک کرنے اور عالمی دہشت گرد گروہوں سے تعلق توڑنے کی شرط عائد کی ہے۔ مگر حالیہ ہفتوں کے دوران افغان صدر نے نو سالہ جنگ کے خاتمے کیلئے سیاسی عمل تیز کرنے پر زور دینا شروع کردیا ہے۔ امریکا بھی اس عمل میں کرزئی کی معاونت کررہا ہے۔ لیکن مفاہمت کی ان کوششوں کو اقوام متحدہ کے حکام کی جانب سے مزاحمت کا سامنا ہے، جو اس بات کا مطالبہ کررہے ہیں کہ جن افراد کے نام دہشت گردی کی فہرست سے نکلوانا مقصود ہے ان کی جانب سے تشدد کا راستہ ترک کیے جانے کا مزید ثبوت فراہم کیا جائے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ منگل کو خطے کیلئے امریکا کے خصوصی نمائندے رچرڈ ہالبروک نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے حکام سے ملاقات کی اور دہشتگردی کی فہرست سے طالبان رہنماؤں کے اخراج کے عمل کو تیز کرنے پر زور دیا۔ امریکا ملا عمر سمیت چند انتہائی سخت گیر طالبان جنگجوؤں کے نام خارج کرنے کا مخالف ہے۔ مگر ہالبروک کابل میں اس ماہ ہونے والی عالمی کانفرنس سے پہلے معتدل رویہ اختیارکرلینے والے طالبان کو فہرست سے خارج کرنے پر کسی اتفاق پر پہنچنا چاہتے ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.