5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
پارٹیوں میں الیکشن ختم کرنے سے آئین کی کمانڈ ختم ہوگئی،چیف جسٹس
جنگ نیوز -
اسلام آباد . . . آئین میں18ویں ترمیم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنیوالے درخواست گزار اے کے ڈوگر نے کہا کہ ججز کی خالی اسامیوں کو اشتہار دے کر پر کیا جانا چاہئے ، چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس افتخار چوہدری نے ریمارکس میں کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں میں الیکشن ختم کرنے سے آئین کی کمانڈ ختم ہوگئی ۔چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے سترہ رکنی بنچ نے18ویں ترمیم کے مقدمہ کی سماعت کی ۔ لائرز فورم کے وکیل اے کے ڈوگر نے دلائل میں کہا کہ انتظامیہ اور مقننہ قانون کی حکمرانی کیلئے خدمت انجام دیتے ہیں جبکہ عدلیہ کو ریاست کے ستونوں میں مقننہ اور انتظامیہ سے الگ رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ججز تقرر کا سابقہ طریقہ کار بھی بوگس تھا ، ججز کی خالی اسامیوں کو مشتہر کیا جائے تاکہ تمام وکلا کو موقع مل سکے ۔اے کے ڈوگر نے دلائل میں کہا کہ سیاسی جماعتوں کے الیکشن ختم کرکے سیاسی کارکنوں کی حق تلفی کی گئی ۔ سیاسی جماعتوں کے الیکشن کو آئین سے نکال دینے کے بعد یہ بات قانون میں کیسے رہ سکتی ہے ۔ اس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ایسے الیکشن ختم ہونے سے سیاسی جماعتوں کے حوالے سے آئین کی کمانڈ ختم ہوجائیگی۔ اے کے ڈوگر نے دلائل مکمل کئے تو ایک اور درخواست گزارہائی کورٹ بار راول پنڈی کے صدر ذوالفقار نقوی کو دلائل پیش کرنے کیلئے کہا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس مقدمہ میں حامد خان ایڈووکیٹ اور اکرام شیخ ایڈووکیٹ کے دلائل کی حمایت کرتے ہیں ، مقدمہ کی مزید سماعت کل تک کیلئے ملتوی کردی گئی۔