5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
خیبر ایجنسی، نوشہرہ اور چارسدہ میں سرچ آپریشن ،334 مشتبہ افراد گرفتار
جنگ نیوز -
پشاور . . . خیبر ایجنسی، نوشہرہ اور چارسدہ میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے سرچ آپریشن کے دوران334 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ایف سی ذرائع کے مطابق خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ میں کالعدم لشکر اسلام کے کمانڈر منگل باغ کے آبائی علاقے سپاہ میں سکیورٹی فورسز نے آج علی الصباح شدت پسندوں کیخلاف سرچ آپریشن شروع کیا، جس میں سکیورٹی فورسز نے280مشتبہ افراد کو گرفتارکرلیا۔ گرفتار مشتبہ افراد کو باڑہ ایف سی قلعہ منتقل کیا گیا جہاں کی ان تفتیش جاری ہے۔ واضح رہے تحصیل باڑہ میں تین روز قبل سکیورٹی فورسز نے بھاری مقدار میں اسلحے کی برآمدگی کے بعد علاقے میں کارروائی تیز کردی ہے۔ ادھر نوشہرہ میں ازاخیل کیمپ میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگراداروں کی جانب سے آج علی الصباح غیرمعینہ مدت تک کرفیونافذ کرکے سرچ آپریشن شروع کیاگیا۔ آپریشن کے دوران تیس مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے بھاری تعداد میں خودکار ہتھیار برآمد کرلیے گئے۔ادھر نوشہرہ کے علاقوں چراٹ شیخی،ستین کانے اورلکڑئی میں بھی پولیس اور سکیورٹی فورسزنے غیرمعینہ مدت تک کرفیونافذکر کے سرچ آپریشن کے دوران10 مشتبہ افراد کوگرفتارکرلیا۔دوسری جانب چارسدہ میں شمالی ہشت نگر کے علاقہ مندنی میں پولیس اور ایف سی نے سرچ آپریشن کے دوران14مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔