5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
کالعدم تنظیمیں رابطے کی کوشش کررہی ہیں، رحمان ملک
جنگ نیوز -
کراچی .. . .. . . . وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ کراچی میں دہشت گردی اورٹارگٹ کلنگ کے واقعات کے تانے بانے وزیرستان سے جا ملتے ہیں،ان کا کہنا تھا کہ کالعدم تنظیمیں رابطے کی کوشش کررہی ہیں لیکن صرف ہتھیار پھینکے والوں سے بات چیت کی جائے گی ۔ کراچی میں سندھ کابینہ کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کالعدم تنظیمیں انتہا پسندی اور دہشتگردی کے واقعات میں ملوث ہیں ، ان تنظیموں کے کئی افراد کو حراست میں لیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کے لیے ہمیں اپنی آنکھیں اور کان کھلے رکھنے چاہئیں ۔وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کالعدم تنظیموں کے افراد ہم سے بات کرنے کی کوششیں کررہے ہیں مگربات چیت صرف ان سے ہوگی جو ہتھیار پھینک کر بات کریں گے ۔