5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
اسپین میں فٹبال ورلڈ کپکی تاریخی فتح کا جشن جاری
جنگ نیوز -
میڈرڈ ... اسپینش ٹیم کی ورلڈ کپ فٹبال میں تاریخی فتح کے بعد جشن کا سلسلہ جاری ہے۔ ٹیم نے دارالحکومت میں عظیم الشان وکٹری پریڈ اور کنسرٹ میں شرکت کی۔ شاہ اسپین اور وزیراعظم سے بھی ملاقات کا شرف حاصل کیا۔میڈرڈ میں جشنِ فتح کے سلسلے میں ہونے والی پریڈ میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔ اور ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔ ہر طرف اسپین کے پرچم اٹھائے شائقین کے سر ہی سر نظر آرہے تھے۔ ہسپانوی ٹیم کے ہیروز نے ایک اوپن ٹاپ بس پر سوار ہوکر شہر کی سڑکوں کا چکر لگایا۔ آٹھ کلومیٹر کا سفر کئی گھنٹوں میں طے کرکے ہیروز عظیم الشان کنسرٹ اور پارٹی میں شرکت کیلئے پہنچے۔ جہاں رات گئے تک سرخ شرٹ پہنے مختلف فنکاروں نے ورلڈ کپ سے متعلق گیت اور پرفارمنس پیش کیں۔ اسٹیج پر ٹیم کے کھلاڑیوں اور کوچ نے بھی اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر آتشبازی کا شاندار مظاہرہ بھی ہوا۔اس سے پہلے رائل پیلس میں شاہ کارلوس اور شاہی خاندان نے قومی ہیروز کا استقبال کیا۔ کپتان کاسی یاس نے بادشاہ کو ورلڈ کپ ٹرافی اور ٹیم کی سرخ شرٹ پیش کی۔ شاہ کارلوس نے اپنی جذباتی تقریر میں کہا کہ ٹیم نے ہسپانوی قوم کا سب سے بڑا خواب پورا کردیا۔ اور سب کے سر فخر سے بلند کردیے۔کاسی یاس کی قیادت میں فاتح ٹیم نے وزیراعظم زپاتیرو سے بھی ملاقات کی۔ جنہوں نے ہیروز کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ اور فخریہ انداز میں ٹرافی کو اپنے سامنے سجایا۔جنوبی افریقا سے وطن واپسی کے سفر کے دوران فتح کی خوشی میں سرشار ہسپانوی کھلاڑی طیارے میں بھی آرام سے نہیں بیٹھے۔ بلکہ گانے گاتے اور رقص کرتے رہے۔ ساتھ ہی Vuvuzela بجاکر جہاز میں اودھم مچائے رکھا۔ ایئرلائن اسٹاف نے ٹیم کیلئے خصوصی کیک بھی پیش کیا۔