5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
پاکستان مٹھی بھر انتہا پسندوں کو ایجنڈا مسلط کرنے نہیں دیگا،حسین حقانی
جنگ نیوز -
واشنگٹن ... امریکہ میں پاکستانی سفیر حسین حقانی نے کہا ہے کہ پاکستان مٹھی بھر انتہا پسندوں کو اپنا ایجنڈا پوری پاکستانی قوم پر مسلط کرنے نہیں دے گا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ خطے میں استحکام کے لیے امریکہ اپنی حمایت کو جاری رکھے گا۔واشنگٹن میں پاکستانی سفیر نے ایک امریکی آخبار کو انٹرویو میں کہا کہ ہم مٹھی بھر شدت پسندوں کو موقع نہیں دیں گے کہ وہ اپنے نظریات پوری قوم پر مسلط کر سکیں۔امریکی اور نیٹو افواج کی افغانستان سے واپسی کے بارے میں سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ ماضی سے کافی سبق سیکھا جا چکا ہے اور امید ہے کہ اس بار امریکا جنگ کو اس کے منطقی انجام تک پہنچائے بغیر خطے سے نہیں جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکہ کے ساتھ ہے اور ہم افغانستان میں قیام امن کے لیے ہر کوشش کی حمایت کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت قربانیاں دیں ہیں ۔ ہماری سیکیورٹی فورسز نے سوات مالاکنڈ ڈویژن اور قبائلی علاقوں میں شدت پسندوں کے خلاف آپریشن میں شاندار کامیاں حاصل کی ہیں اور ہم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنے عزم پر قائم ہیں۔