5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
فریڈم فلوٹیلا حملے میں آپریشنل غلطیوں کا اسرائیلی اعتراف
جنگ نیوز -
فریڈم فلوٹیلا حملے میں آپریشنل غلطیوں کا اسرائیلی اعتراف
مقبوضہ بیت المقدس…اسرائیلی فوج کی انکوائری رپورٹ میں فریڈم فلوٹیلا پر حملے میں سنگین انٹیلے جنس اور آپریشنل غلطیوں کا اعتراف کرلیا گیا۔ تل ابیب میں ڈیڑھ سو صفحات پر مبنی کلاسیفائیڈ رپورٹ کا خلاصہ بتاتے ہوئے آرمی انکوائری پینل کے سربراہ جنرل گیورا ایلاد نے کہا کہ فلوٹیلا پر حملے کے بارے میں انٹیلے جنس اور فیصلہ سازی میں کئی پیشہ وارانہ غلطیاں ہوئیں۔ جو اعلیٰ ترین سطح پر بھی سرزد ہوئیں۔ اس کے باوجود بحری قافلے پر کمانڈوز کا اترنا اور اس میں سوار کارکنوں کیخلاف طاقت کا استعمال صحیح تھا۔ تاہم اگر انٹیلے جنس بہتر ہوتی تو خون خرابے سے بچا جاسکتا تھا۔ اسرائیلی آرمی کے چیف آف اسٹاف لیفٹننٹ جنرل گَبی اشکی نازی نے ایک بیان میں کہا کہ انکوائری میں کوئی ناکامی یا کوتاہی ثابت نہیں ہوئی۔ صرف کچھ غلطیاں ہوئیں۔ جن کی لازماّ اصلاح ہونی چاہیے۔ فریڈم فلوٹیلا پر حملے کی اِس فوجی انکوائری کے علاوہ عدالتی تحقیقات بھی جاری ہیں۔