5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
لندن،پاک آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ آج شروع ہو گا
جنگ نیوز -
لندن…انگلش سر زمین پر پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا کرکٹ ٹیسٹ آج سے لارڈز میں شروع ہو رہا ہے، دونوں ٹیموں میں دو دو نئے کھلاڑیوں کو ٹیسٹ کیپ دی جائے گی،پاکستان کے کپتان شاہدآفریدی کا کہنا ہے کہ نوجوان اپ سیٹ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں جبکہ رکی پونٹنگ نے محمد یوسف کی عدم موجودگی کو پاکستان کے لیے بڑا نقصان قرار دیا ہے۔دونوں ٹیموں نے لارڈز میں بھرپور پریکٹس کی جس کے بعد پاکستان کے کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ قومی ٹیم متحد ہوکر کھیلے گی۔ انہوں نے بتایا کہ نوجوان بیٹسمین عمر امین اور اظہر علی ٹیسٹ ڈیبو کریں گے۔سابق کپتان شعیب ملک اور یاسر حمید ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔ وہ پر امید ہیں کہ لڑکے ٹوئنٹی ٹونٹی سیریز جیسی کارکردگی دکھائیں گے،اورنوجوان آسٹریلیا کے خلاف اپ سیٹ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ دوسری جانب آسٹریلیئن کپتان رکی پونٹنگ نے مایہ ناز بیٹسمین محمدیوسف کی غیر موجودگی کو پاکستان کے لئے نقصان دہ قرار دے دیا ہے۔ لارڈز میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے رکی پونٹنگ نے کہا کہ وہ سیریز میں انفرادی کارکردگی بہتر بنانے کی کوشش کریں گے۔ آسٹریلیا کی جانب سے میچ میں دو نئے کھلاڑی ، وکٹ کیپر ٹم پین اور لیگ اسپنر اسٹیون اسمتھ، ٹیسٹ ڈیبیو کریں گے۔