تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44

چیئر مین ہائر ایجوکیشن کمیشن کے بھائی کی گرفتاری کی تصدیق

جنگ نیوز -
حیدرآباد…حیدرآباد میں محکمہ اینٹی کرپشن نے چیئرمین ہائرایجوکیشن کمیشن جاویدلغاری کے بھائی فاروق لغاری کو کرپشن کے الزام میں گرفتار کرنے کی تصدیق کردی ہے ۔ مبصرین نے ان کی گرفتاری کو جعلی ڈگریوں کے معاملے پر چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن کو دباؤ میں لانے کی کوشش قرار دیا ہے ۔ محکمہ اینٹی کرپشن کا کہنا ہے کہ سا بق ڈی سی او ٹنڈو الہ یار فاروق لغاری کو سرکاری اراضی میں خورد برد کے الزام میں گرفتار کیا گیا ،ان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔ فاروق لغاری کی گرفتاری گذشتہ روز حیدر آباد میں ان کے گھر کے قریب ٹھنڈی سڑک سے عمل میں آئی تھی ۔ تاہم اینٹی کرپشن کے حکام اور ڈی پی او حیدر آباد کا کہنا تھا کہ فاروق لغاری کے خلاف نہ تو کوئی مقدمہ درج ہے اور نہ کوئی شکایت ہے اس لئے انہیں گرفتار نہیں کیا گیا ۔ تاہم میڈیا میں خبریں آنے کے ایک روز ان کی گرفتاری کی تصدیق کردی گئی ہے ۔ فاروق لغاری ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین جاوید لغاری کے بھائی ہیں ۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ جعلی ڈگریوں کی جانچ پڑتال کے معاملے پر لچک نہ دکھانے کے سبب حکومت جاوید لغاری سے ناراض ہے اور فاروق لغاری کی گرفتاری جاوید لغاری پر دباؤ ڈالنے کی کوشش ہوسکتی ہے ۔ مبصرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایک روز پہلے تک فاروق لغاری پر نہ تو کوئی مقدمہ تھا اور نہ ہی ان کے خلاف کوئی شکایت تھی اب اچانک مقدمے کے اندراج نے شکوک و شبہات میں اضافہ کردیا ہے ۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.