5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
سرطان کے مریضوں کی شفا یابی کی شرح دوگنا سے زائد ہوچکی ہے،طبی ماہرین
جنگ نیوز -
لندن …جنگ نیوز… طبی ماہرین نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں سرطان کے مریضوں کی شفا یابی کی شرح دوگنا سے زیادہ ہوچکی ہے، نئے طریقہ علاج ، نئی ادویات اور جدید ٹیکنالوجی نے اس موذی مرض پر قابو پانے میں گرانقدر خدمات سرانجام دیں۔ اب کینسر کی درجنوں اقسام قابل علاج ہیں اور آئندہ 10 سال کے دوران یہ مکمل طور پر قابل علاج ہوجائیں گی جو صورتحال 1970ء میں تھی اب وہ نہیں رہی۔ یہ تحقیق 1970ء سے 2007ء تک کے اعدادوشمارکی روشنی میں مکمل کی گئی ۔تحقیق کے مطابق صورتحال مکمل طور پربدل چکی ہے مگرابھی بھی بہت سے امور پرمزید کام کی سخت ضرورت باقی ہے۔ یورپ میں ہونے والی اس تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ سرطان کی بروقت تشخیص اس ضمن میں سب سے بڑی رکاوٹ بھی ہوتی ہے اگر فوری تشخیص ہوجائے تو علاج مکمل طور پر کامیاب رہتا ہے۔ اس تحقیق کو کینسرریسرچ یوکے کے پروفیسر پیٹر جوہانسن نے مکمل کیا ہے۔