5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
بھارت کیساتھ متنازع امور بات چیت سے طے کرنا چاہتے ہیں،وزیراعظم
جنگ نیوز -
اسلام آباد…وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے ساتھ تمام تنازعات کا بات چیت کے ذریعے پر امن حل چاہتا ہے اور جامع مذاکرات کی بحالی خطے میں امن اور خوش حالی کے قیام کے لیے دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔انہوں نے یہ بات وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بات چیت کے دوران کی ، جنہوں نے وزیر اعظم ہاؤس میں ان سے ملاقات کی ۔بیان کے مطابق وزیر اعظم نے امید ظاہر کی کہ پاک بھارت وزرا خارجہ ملاقات مفید اور جامع مذاکرات کے عمل کو بحال کرنے میں مددگار ثابت ہو گی،وزیر اعظم نے پاک امریکاتعلقات سے متعلق کہاکہ پاکستان اور امریکاکے درمیان اسٹریٹیجک ڈائیلاگ کا میکانزم مستحکم اور دیرپا تعلقات کے قیام میں مدد دے گا۔امریکی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کے دوران اسٹریٹیجک ڈائیلاگ کے عمل کو آگے بڑھانے پر بات چیت کی جائے گی۔ وزیر خارجہ نے وزیر اعظم کو فرینڈز آف پاکستان میں پیش رفت کے ساتھ امریکی اور بھارتی وزیر خارجہ کے آئندہ دوہ پاکستان بارے بریفنگ دی۔