5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
میڈیا کو نشانہ بنانے والے کمزور وکٹ پر کھیل رہے ہیں ، میاں افتخار
جنگ نیوز -
پشاور…وزیر اطلاعات خیبر پختونخوامیاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ کمزور وکٹ پر میڈیا کو نشانہ بنا یا گیا۔جعلی ڈگری ہولڈرز کے دوبارہ انتخاب لڑنے پر پابندی ہونی چاہیے۔ پشاور پریس کلب میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا میاں افتخار نے کہا کہ پاکستان میں میڈیا کا کردار نمایاں ہے۔ میڈیا نے جو کچھ لکھا،سچ لکھا، جب کسی کی اپنی پوزیشن کمزور ہو تو اسے میڈیا کو مورد الزام ٹھہرانا مناسب نہیں ۔میاں افتخار کا کہنا تھا کہ جعلی ڈگری والوں کو الیکشن میں حصہ لینے پر پابندی ہونی چاہیے۔ وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ سرچ آپریشن کے دوران پشاور میں پانچ سو سے زیادہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے اورگرفتار ہونے والوں میں بیس مبینہ دہشت گرد بھی شامل ہیں ۔میاں افتخار نے کہا کہ صوبے میں کرپشن کے خاتمے کے حوالے سے پہلے بھی اقدامات کئے گئے ہیں اور مزید اقدامات بھی کئے جائیں گے۔میاں افتخارحسین کا کہنا تھاکہ بین اقوامی امداد روکنے کے لئے خیبر پختونخوا حکومت کے خلاف منفی رپورٹ پیش کی گئی ۔