5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں تین سیاسی کارکن ہلاک
جنگ نیوز -
کراچی…کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں دو مختلف سیاسی جماعتوں کے مزید تین کارکن جاں بحق ہوگئے ۔پولیس کے مطابق راشد منہاس روڈ پر نامعلوم موٹرسائیکل سوار کی کار پر فائرنگ سے فیاض اور امجد دو افراد زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر جناح اسپتال لے جایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔ پولیس کے مطابق مقتول شاہ فیصل کالونی کے رہائشی تھے اور انہیں ٹارگٹ کرکے قتل کیا گیا ہے ۔ پولیس نے گاڑی کو تحویل میں لے کر تھانہ شارع فیصل منتقل کردیا ہے،پنجابی پختون اتحاد کے ترجمان عمران گجر کے مطابق ہلاک ہونے والے دونوں افراد یوتھ ونگ شاہ فیصل کالونی کے صدر اور سیکریٹری تھے ادھرالفلاح کے علاقے میں رفیق بنگلوز میں واقع شہاب کلینک پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے36 سالہ عرفان شدید زخمی ہوگیا جس نے بعد میں جناح اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا ،پولیس کے مطابق مقتول متحدہ آرگنائزنگ کمیٹی کا کارکن تھا،ٹارگٹ کلنگ کے دونوں واقعات کے بعد شاہ فیصل کالونی اور الفلاح میں کشیدگی پھیل گئی اور دکانیں اور کاروبار بند ہوگیا ، نامعلوم افراد نے ایک گاڑی کو بھی نذر آتش کردیا ۔