5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
پنجاب اسمبلی نے میڈیا کے حق میں قرارداد منظور کرلی
جنگ نیوز -
لاہور…پنجاب اسمبلی نے میڈیا کے حق میں قرار داد متفقہ طورپرمنظور کرلی ہے۔ قرار داد وزیرقانون رانا ثنا اللہ نے پیش کی، جس کی ارکان اسمبلی نے منظوری دیدی ، اس دوران مسلم لیگ(ق)کے رکن عامر سلطان چیمہ نے کورم کی نشاندہی کی جسے مسترد کرتے ہوئے قرار داد پیش کرنے کی اجازت دیدی گئی ۔ قرار داد کی منظوری کے وقت ثنا اللہ مستی خیل بھی ایوان میں موجود تھے۔قرار داد میں کہا گیا ہے کہ عوام، سیاسی کارکنوں، صحافیوں، دانش وروں اور وکلاکی قربانیوں سے جمہوریت بحال ہوئی۔تاہم گذشتہ دنوں کے واقعات سے یکجہتی کا ماحول متاثر ہوا اس لئے میڈیا کے حق میں قرار داد لایا جانا ضروری ہے۔ قرار داد میں کہا گیا کہ پنجاب اسمبلی اہل صحافت کے کردار کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ آمریت کا خاتمہ اور عدلیہ کی بحالی غیر جانبدارانہ صحافت کے عملی تعاون کے بغیر ممکن نہ تھی۔پنجاب اسمبلی آزادی صحافت کے خلاف کسی بھی اقدام کو جمہوریت اور جمہوری عمل پر حملہ تصور کرتی ہے۔ اہل صحافت اپنی جدوجہد میں ایوان کے ارکان کو اپنے شانہ بشانہ پائیں گے۔ قرار داد میں کہا گیا کہ ارکان اسمبلی اس تاثر کی پرزور تردید کرتے ہیں کہ پنجاب اسمبلی میڈیا پر پابندی لگانے کی حامی ہے۔ ارکان اسمبلی اطلاعات تک رسائی کے قانون کی ضرورت کی پرزور تائیدکرتے ہیں۔