5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
اپنا کے پلیٹ فارم سے کمیونٹی کے مسائل حل کرینگے،ڈاکٹرصائمہ ظفر
جنگ نیوز -
اپنا کے پلیٹ فارم سے کمیونٹی کے مسائل حل کرینگے،ڈاکٹرصائمہ ظفر
ڈیلاس…راجہ زاہد اختر خانزادہ…امریکا اور کینیڈا میں مقیم پاکستانی ڈاکٹروں کی نمائندہ تنظیم ایسوسی ایشن فزیشن آف پاکستان ڈیسنٹ(اپنا) کی نومنتخب صدر ڈاکٹر صائمہ ظفر نے کہا ہے کہ وہ امریکا اور کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کیلئے اپنا کے پلیٹ فارم سے کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ایک جامع پروگرام رکھتی ہیں اور بحیثیت صدر اپنا وہ ان پروگراموں پر عمل درآمد کے لیے بھرپور کوششیں کریں گی۔ ڈیلس میں خصوصی انٹرویودیتے ہوئے انہوں نے مزیدکہا کہ امریکا اور کینیڈا بھر میں قائم اپنا کے چیئرز اور المنائی کمیٹیوں کو موثر کیا جائے گا تا کہ آؤٹ ریچ پروگراموں پر مثبت طریقہ سے عمل درآمد کرایا جا سکے اور جو اہداف مقرر کیے گئے ہیں وہ پورے کیے جا سکیں۔ ڈاکٹر صائمہ نے کہا کہ اپنا کے اراکین کی جانب سے ان پر بھرپور اعتماد سے ان کے حوصلے مزید بلند ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ نوجوان نسل کے لیے کئی پروگرام ذہن میں رکھتی ہیں جس میں اپنا ان کی مدد کرے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے اس تاثر کو غلط قرار دیا کہ اپنا میں کوئی بغاوت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے مخالفین بہت قابل انسان ہیں۔ تاہم میں یہ سمجھتی ہوں کہ ہم نے اچھے کام کیے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ووٹروں نے ہمارے پینل پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کا مرحلہ مکمل ہو گیا ہے تاہم وہ اپنے ساتھ مخالفین کو بھی ساتھ لے کر چلیں گی۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم کی بھلائی اسی میں ہے کہ ہم سب مل کر کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین کو ساتھ لے کر چلنے سے ہونے والی کوتاہیوں کا فوری پتہ چل جاتا ہے کیوں کہ آپ کی ہاں میں ہاں ملانے سے آپ اور تنظیم وہ اہداف حاصل نہیں کر پاتی جو کہ تنظیم کے لیے درکار ہوتے ہیں ۔انہوں نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ یہ تاثر درست نہیں کہ اپنا ایک تنظیم نہیں کلب ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ تاثر ضرور قائم ہے مگر ہم اس تاثر کو ختم کرنے کے لیے مزید کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپنا دیگر فلاحی تنظیموں کے ساتھ جیسے اسلامک ریلیف اور دیگر کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے اور جب بھی دنیا میں کہیں کوئی مشکل حالات پیدا ہو جاتے ہیں تو وہاں بھی وہ فوری جاتے ہیں جب کہ کمیونٹی کے لیے آؤٹ ریچ پروگرام ہوتے رہتے ہیں تاہم پھر بھی اس تاثر کو ختم کرنے کے لیے اس پر مزید کام کی ضرورت ہے جو کہ وہ پورا کرنے کی کوشش کریں گی انہوں نے کہا کہ وہ اس تنظیم کے ذریعے کمیونٹی کا نام روشن کریں گی اور یہ آنے والا وقت بتائے گا کہ وہ اس پر کتنا کام کر سکی ہیں۔