5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
یورپ اور پاکستان کے درمیان ری ایڈمیشن معاہدے کی منظوری
جنگ نیوز -
لندن…یورپی پارلیمنٹ کی شہری آزادی، انصاف اور داخلہ امورکی قائمہ کمیٹی نے یورپ اور پاکستان کے درمیان ری ایڈمیشن معاہدے کی منظوری دے دی، مجوزہ معاہدے سے یورپ میں غیر قانونی طور پر مقیم بیس ہزار پاکستانیوں کی بے دخلی ہوسکتی ہے۔برسلز میں جیو نیوز کے نمائندے خالد حمید فاروقی کے مطابق معاہدے کیلئے یورپ اور پاکستان کے درمیان آٹھ سال سے مذاکرات جاری تھے۔معاہدے کا مسودہ حتمی منظوری کے لیے ستمبر میں یورپی پارلیمنٹ کی جنرل اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔معاہدے کی منظوری کے بعد غیر قانونی طریقے سے یورپ میں داخل ہونے والوں کو بے دخل کیا جاسکے گا اور اس معاملے میں پاکستان یورپ سے تعاون کرے گا۔ انسانی حقوق کی یورپی تنظیموں نے ری ایڈمیشن معاہدے کو شدید تنقیدکا نشانہ بنایا ہے۔ یورپی پارلیمان کے پاکستانی نژاد برطانوی رکن سجاد کریم کا کہنا ہے کہ ڈی پورٹ کیے جانے والے افراد کے ساتھ کیے جانے والے سلوک پر تشویش ہے اور اس سلسلے میں مانیٹرنگ جاری رکھی جائے گی۔