5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
عطاآباد،کام یاب مذاکرات کے بعد متاثرین کی التت کیمپ واپسی
جنگ نیوز -
ہنزہ…عطا آباد جھیل سے متاثرہ ریڈ زون قرار دیے گئے علاقوں کے متاثرین گذشتہ روز انتظامیہ کے ساتھ کام یاب مذاکرات کے بعد التت کیمپ میں پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔گذشتہ روز انتظامیہ کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد سرٹ کے متاثرین التت کیمپ میں واپس آگئے۔ یہ افراد حکومتی پیکج کو مسترد کرتے ہوئے احتجاجاً اپنے تباہ شدہ علاقوں کی طرف چلے گئے تھے۔ آنے والے افراد عارضی بنی ہوئی چیئر لفٹ کے ذریعے دریائے ہنزہ عبور کر کے واپس التت کیمپ پہنچے،جن کی تعداد تقریباً چار سو کے قریب ہے، جب کہ عطاآباد کے تباہ شدہ علاقوں کی طرف جانے والے متاثرین کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے واپس لایا جائے گا۔گذشتہ روزمتاثرین سے وزیر خوراک گلگت بلتستان اور رکن اسمبلی مرزا حسین نے مذاکرات کئے تھے اور انتظامیہ کی جانب سے یقین دہانی کے بعد متاثرین واپس آنے پر آمادہ ہوئے تھے۔ دوسری جانب جھیل میں پانی کی آمد17530 اور اخراج 17898 کیوسک ہو رہا ہے، جب کہ جھیل کی سطح میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران چھ انچ کی کمی ہوئی ہے نیز متاثرین کے لئے کشتی سروس جاری ہے۔