5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
لاہور کی ماتحت عدالتوں کے ججوں نے کام شروع کردیا
جنگ نیوز -
لاہور…لاہور کی ماتحت عدالتوں کے ججوں نے کام شروع کردیاہے تاہم ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج زوار احمد شیخ کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا۔لاہورہائی کورٹ کے سینیئرترین جج جسٹس اعجازچوہدری نے ماتحت عدالتوں کادورہ بھی کیا۔لاہورہائی کورٹ کے رجسٹرار عبدالستار اصغر نے ایک روز قبل ماتحت عدالتوں کے احتجاج کرنے والے ججوں سے تفصیلی مذاکرات کئے تھے اورانہیں شکایات کے ازالے کا یقین دلایاتھا۔رجسٹرار نے یہ بھی یقین دہانی کرائی تھی کہ ڈسٹرکٹ سیشن جج لاہور زوار احمد شیخ کے تبادلے کامعاملہ چیف جسٹس لاہورہائی کورٹ کی آمد کے بعد خوش اسلوبی سے طے کرلیاجائے گاجبکہ ججوں کو وکلا سے جوشکایات ہیں ان کابھی ازالہ کیاجائے گا۔اس پر ماتحت عدالتوں کے ججوں نے کام کرنے پرآمادگی ظاہرکردی اوراپنی پندرہ روزہ چھٹیاں منسوخ کردیں تاہم سول ججوں نے اعلان کیاکہ وہ زیادتی کرنے والے وکلا کے خلاف کارروائی تک سیاہ پٹیاں باندھ کرکام کریں گے۔آج عدالتوں میں جوڈیشل افسروں نے معمول کے مطابق کام شروع کر دیا، تاہم ڈسٹرکٹ سیشن جج لاہور زوار احمد شیخ عدالت میں نہیں آئے۔ادھر ترجمان ہائی کورٹ کے مطابق جج معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں اور کوئی جج سیاہ پٹی باندھ کرنہیں بیٹھا۔