5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
جناح اسپتال کی نرسنگ اسٹوڈنٹ کے ساتھ زیادتی کی تصدیق ہو گئی
جنگ نیوز -
کراچی…جناح اسپتال کی نرسنگ اسٹوڈنٹس پر تشدد اور زیادتی کے الزام میں محکمہ صحت سندھ کے ڈاکٹر جبار میمن کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ابتدائی رپورٹ کے مطابق طالبہ کے ساتھ زیادتی کی تصدیق ہوگئی ہے، جب کہ کیمیائی تجزیے کے لئے بھیجے گئے نمونوں کی رپورٹ آئندہ چند روز میں آئے گی۔کراچی کے جناح اسپتال میں ایک ڈاکٹر کے فلیٹ سے نرس طالبہ نے چھلانگ لگائی جسے بے ہوشی کی حالت میں آئی سی یو منتقل کر دیا گیا تھا۔ پاکستان نرسنگ فیڈریشن کے عہدے داران نے الزام عاید کیا ہے کہ ڈاکٹرنے طالبہ کے ساتھ زیادتی کی کوشش کی تھی۔اسپتال انتظامیہ کے مطابق انھیں اطلاع ملی تھی کہ ڈاکٹرز میس نمبر 96میں ایک لڑکی بے ہوش پڑی ہے جس کے بعد اسے وہاں سے فوری طور پر شعبہ حادثات منتقل کیا گیا،جس کی شناخت نرسنگ اسٹوڈنٹ کی حیثیت سے ہوئی جو جناح اسپتال میں تھرڈ ایر کی طالبہ ہے اور اس نے محکمہ صحت سندھ کے ڈاکٹر جبار میمن کے فلیٹ سے چھلانگ لگائی تھی۔ ذرائع کے مطابق لڑکی کے سر اور جسم پر چوٹیں آئی ہیں جبکہ اس کے جسم پر تشدد کے بھی نشانات ہیں۔ واقعے کے بعد اسپتال انتظامیہ کو پتہ چلا کہ اسی فلیٹ سے ڈاکٹر جبار میمن نے بھی چھلانگ لگائی تھی۔ڈاکٹر کو بھی اسپتال کے آرتھوپیڈک وارڈ میں داخل کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایک ماہ قبل جناح اسپتال کی انتظامیہ نے تحریری طور پر ڈاکٹر جبار میمن کے خلاف الزام لگایا تھا کہ اس نے میڈیکو لیگل سیکشن میں تعیناتی کے دوران شعبہ حادثات کی خاتون ڈاکٹر کو ہراساں کرنے کی کوشش کی تھی، جس پرملزم ڈاکٹر جبار میمن کو جناح اسپتال کے آرتھوپیڈک وارڈ میں ہتھکڑیاں لگا دی گئیں اور دوران علاج نگرانی کے لیے پولیس اہل کار تعینات کر دیے گئے ہیں۔طالبہ کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق زیادتی کی تصدیق ہوگئی ہے تاہم کیمیائی تجزیے کے لئے بھیجے گئے نمونوں کی رپورٹ آئندہ چند روز میں آئے گی جس کے بعد ہی حتمی طورپر زیادتی ہونے یا نہ ہونے کا طے ہوسکے گا۔