5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
مختلف سیاسی رہ نماؤں کی حبیب جالب کے قتل کی شدید مذمت
جنگ نیوز -
کراچی . . . مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے جنرل سیکریٹری حبیب جالب کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے قاتلوں کی فی الفور گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔بلوچستان نیشنل پارٹی کے مینگل گروپ کراچی کے رہنماؤں خالد حسین بلوچ،آفتاب بلوچ کا کہنا ہے کہ حبیب جالب کے قتل سے بلوچستان کے حقوق کی آواز دبائی نہیں جاسکے گی ۔انہوں نے کہا کہ حبیب جالب کا قتل حکومتی غفلت کا نتیجہ ہے۔پاکستان مسلم لیگ ق سندھ کے جنرل سیکریٹری حلیم عادل شیخ نے مطالبہ کیا ہے کہ قاتلوں کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔امیر جماعت اسلامی سندھ اسداللہ بھٹو کا کہنا ہے کہ جمہوری اورسیاسی دور حکومت میں بھی سیاسی رہنماؤں کا بے دردری سے قتل لمحہ فکریہ ہے۔ان کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں آپریشن اور لوگوں کے گمشدگی کے واقعات میں مسلسل اضافہ غیر جمہوری اور آمرانہ طرز عمل ہے۔