5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
نرسنگ اسٹوڈنٹ پر تشددوزیادتی کے خلاف جناح اسپتال میں مظاہرہ
جنگ نیوز -
کراچی . . . نرسنگ اسٹوڈنٹ پر تشدد اور زیادتی کی کوشش کے خلاف پاکستان نرسنگ ایسوسی ایشن کی جانب سے جناح اسپتال میں مظاہرہ کیا گیا۔ جناح پوسٹ میڈیکل گریجویٹ میڈیکل کالج میں پاکستان نرسنگ ایسوسی ایشن کی جانب سے نرسوں نے تھرڈ ائیر نرسنگ کی اسٹوڈنٹ میگدلین اشرف پر ڈاکٹر کی جانب سے مجرمانہ تشدد اور ز یادتی کا نشانہ بنانے کے خلاف مظاہرہ کیا۔مظاہرین کا کہنا تھا کی زیادتی کا نشانہ بنانے والے ڈاکٹر جبار میمن کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔سینئر نرسنگ اسٹاف کا کہنا تھا کہ انہوں نے ڈاکٹر جبار میمن کے ایکسرے کا معائنہ کیا ہے، انھیں کوئی فریکچر نہیں آیا، اسپتال انتظامیہ انھیں تحفظ فراہم کر رہی ہے اور جب تک ڈاکٹر جبار میمن کے خلاف کوئی سخت ایکشن نہیں لیا جاتا احتجاج کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے ملک بھر کی نرسز اسپتالوں میں سراپا احتجاج بن جائیں گی اور آئی سی یو کے علاوہ تمام کام بند کردیے جائیں گے۔ ادھر جوائنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر جبار میمن کے خلاف بار بار شکایتوں کے بعد انہیں جناح اسپتال سے ٹرانسفر کر دیا گیا تھا لیکن وہ ڈاکٹر میس میں غیر قانونی قبضہ کرکے رہ رہے تھے۔ ڈاکٹر جبار میمن کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، حقائق جاننے کے لئے دو وفاقی اور صوبائی سطح پر کمیٹیاں بنائی گئی ہیں جو 48گھنٹوں میں اپنی رپورٹیں پیش کر دیں گے۔