5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
صادق آباد،پیپلز پارٹی کی ریلی سے ٹریفک معطل،مریض پریشان
جنگ نیوز -
صادق آباد . . . صادق آباد میں پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام بڑھتی ہوئی بد امنی اور اغوا برائے تاوان کی وارداتوں کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی، ریلی کے دوران ٹریفک معطل ہونے سے ایمبولینس میں موجود مریض کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام نکالی گئی ریلی میں مختلف سماجی تنظیموں کے کارکنوں اور خواتین نے شرکت کی۔ مظاہرین نے بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر پولیس کے خلاف نعرے درج تھے۔ ریلی کے شرکا نے ریلوے روڈ ، سجاول روڈ اور فیصل بازار سے ہوتے ہوئے سجاول پل پر دھرنا دیا جس سے ٹریفک کی آمد ورفت معطل ہو گئی اور اس دوران ایک ایمبو لینس بھی ٹریفک میں پھنس گئی اور مریض کو سخت گرمی میں مشکلات سے دوچار ہونا پڑا۔مظاہرین نے صادق آباد پولیس کے خلاف نعرے بازی کی اور شہر میں امن و امان اور مغویوں کی بازیابی کا مطالبہ کیا۔ تاہم تین گھنٹے احتجاج کے بعد مظاہرین منتشر ہو گئے۔