تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44

ارسا کا اجلاس جلدی میں بلایا گیا،ارکان دباوٴمیں ہیں، وزیراعلیٰ سندھ

جنگ نیوز -
کراچی…وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ارسا کا اجلاس عجلت میں طلب کیے جانے اور ارسا میں سندھ کے نمائندے پر دباؤ ڈالے جانے کا نوٹس لیں۔وزیر اعلیٰ ہاؤس کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سید قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ پانی کا معاملہ طے کرنے کیلئے وزیر اعظم کی زیر صدارت منگل کو اسلام آباد میں اہم اجلاس ہوا ہے جس میں افہام وتفہیم کے ذریعے فیصلے کیے گئے ہیں ۔تاہم اس کے باوجود ارسا کا اجلا س عجلت میں طلب کیا گیا ہے جو نا مناسب ہے۔وزیر اعلیٰ سندھ کا مزید کہنا تھا کہ اطلاعات ملی ہیں کہ ارسا میں سندھ کے نمائندے پر دباؤ ڈالا جارہا ہے اس کا نوٹس لیا جانا چائیے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے نمائندے پر کون دباؤ ڈال رہا ہے یہ چند دنوں میں سامنے آجائے گا ۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ و زیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ ہوا تھاکہ پانی کی تقسیم 1991 کے معاہدے کے تحت ہوگی ۔ان کا کہنا تھا کہ پانی کا معاملہ حساس ہے یہ اب معاشی کے علاوہ سیاسی مسئلہ بھی ہوگیا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں ہونیوالے فیصلے کا سب احترام اور ان پر عمل درآمد کریں ،انہوں نے مطالبہ کیا کہ ارسا کے اراکین پر دباؤ ڈالنے کا رویہ ترک کیا جائے ۔اور متنازعہ فیصلہ کرنے وا لے ارسا میں پنجاب کے نمائندے کو ہٹایا جائے۔انہوں نے کہا کہ پانی کی کمی سے سندھ میں چاول کی فصل متاثر ہورہی ہے جبکہ ٹھٹھہ اور بدین کے اضلاع میں خشک سالی کی صورتحال بھی پیدا ہوچکی ہے جس کا نوٹس لے کر سندھ کو اس کے حصے کا پانی فراہم کیا جائے۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.