5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
عطاآباد جھیل: متاثرین کے انتظامیہ کے ساتھ کامیاب مذاکرات
جنگ نیوز -
ہنزہ…عطا آباد جھیل سے متاثرہ ریڈ زون قرار دیئے گئے علاقوں کے متاثرین انتظامیہ کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد التت کیمپ پہنچ گئے ہیں جبکہ گلمت میں متاثرین گوجال نے اپنے مطالبات کے حق میں مظاہرہ کیا۔عطا آباد جھیل سے متاثرہ ریڈ زون قرار دیے گئے علاقوں کے متاثرین حکومت کے امدادی پیکیج کو مسترد کرتے ہوئے احتجاجاً ریڈ زون میں اپنے تباہ شدہ علاقوں کی طرف چلے گئے تھے ۔ تاہم گذشتہ روز وزیر خوراک گلگت بلتستان جعفر اور رکن اسمبلی مرزا حسین نے متاثرین سے کامیاب مذاکرات کے بعد متاثرین واپس التت کیمپ پہنچ گئے ہیں۔سرٹ سے تعلق رکھنے والے تقریباً چار سو متاثرین چیئر لفٹ کے ذریعے دریائے ہنزہ عبور کرکے التت کیمپ واپس آگئے جبکہ عطاآباد سے متاثرین کو بذریعہ ہیلی کاپٹر التت کیمپ لایا گیا۔ادھر گلمت میں متاثرین گوجال نے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا ۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ جھیل سے پانی کے فوری اخراج کے ساتھ متاثرین کو مارکیٹ ویلیو کے مطابق معاوضے دیے جائیں اور شاہراہ قراقرم کی حدود تبدیل نہ کی جائے۔دوسری جانب عطا آباد جھیل میں پانی کی آمد سترہ ہزار پانچ سو کیوسک جبکہ اخراج سترہ ہزار چھ سو چالیس کیوسک ہے۔