5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
جناح اسپتال میں زیر تربیت نرس پر مجرمانہ حملے کا نوٹس لیاجائے ، رابطہ کمیٹی
جنگ نیوز -
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے جناح اسپتال کراچی میں سابق ایم ایل او ڈاکٹر جبار کی جانب سے زیر تربیت نرس سے دست درازی اور مجرمانہ حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ اس شرمناک واقعہ نے شعبہ طب سے وابستہ افراد کے سر شرم سے جھکا دیئے ہیں ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ شعبہ طب ایک معزز پیشہ ہے اور اس سے وابستہ شخص کی جانب سے نرس سے ہی دست درازی کی کوشش اور مجرمانہ حملہ نے طب کے پیشے پر دھبہ لگا دیا ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے مطالبہ کیا کہ جناح اسپتال کراچی میں زیر تربیت نرس سے دست درازی کا سختی سے نوٹس لیاجائے اور اس مجرمانہ فعل میں ملوث ڈاکٹر جبا ر کو سخت سے سخت ترین سزا دی جائے ۔ دریں اثناء آل پاکستان مسلم لیگ کے وفدنے امیتازخان وردک کی سربراہی میں متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ارکان سیدشعیب احمدبخاری،کنورخالدیونس اورواسع جلیل سے خورشیدبیگم میموریل ہال عزیزآبادمیں ملاقات کی۔ اس موقع پر ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امورپرتفصیلی تبادلہ خیال کیا۔وفدکے ارکان میں سینئرنائب صدرمبین شیخ،ایسٹ کے آرگنائزرمحمدشفیع،شاہدعلی،محترمہ نسرین شیخ،فرحین،مسززرمینہ خان اورعائشہ شامل تھیں۔