5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
پاک بھارت وزرائے خارجہ نتیجہ خیز مذاکرات کریں،جماعت اسلامی
جنگ نیوز -
لاہور…جماعت اسلامی نے پاکستان اور بھارت کے وزرائے خارجہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ خطے کو جنگ ،نا انصافی ، مظلوم کشمیریوں کی آزادی اور عالمی استعماری قوتوں کے اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے ٹھوس بنیادوں پر درست سمت میں بانتیجہ مذاکرات کریں۔جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ کی جانب سے جاری کیے گئے خط میں کہاگیا ہے کہ بھارت مسئلہ کشمیر کی اہمیت کو تسلیم کرے اوراقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق کشمیر کو متنازعہ علاقہ تسلیم کیا جائے ۔خط میں لکھا گیا ہے کہ کشمیر سے فوجی انخلا ہو اور کشمیر یوں کو ہر طرح کے کالے قوانین سے نجات دلائی جائے ۔لاپتہ کشمیریوں کو بازیاب کیا جائے ، ہزاروں کشمیریوں کو جیلوں اور عقوبت خانوں سے رہا کیاجائے۔ لیاقت بلوچ اپنے خط میں لکھتے ہیں کہ جموں و کشمیر کے عوام بھارت یا پاکستان کس کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں اس فیصلہ کا حق انہیں دیا جائے اوراقوام متحدہ کی نگرانی میں حق رائے شماری کرائی جائے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت سندھ طاس معاہدہ کی پابندی کرے اور کشمیرسے پاکستان کی طرف آنے والے دریاؤں پر بند باندھ کرپاکستان کے عوام کو ایسا منفی پیغام نہ دے کہ تعلقات کی خرابی کا زخم اور زیادہ گہرا ہوجائے ۔