5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
خادم اعلیٰ پنجاب نے ہر فورم پر صوبے کا مقدمہ ہارا ، پرویز الٰہی
جنگ نیوز -
گجرات… مسلم لیگ ق کے رہنما چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ خادم اعلیٰ پنجاب نے ہر فورم پر صوبے کا مقدمہ ہارا ہے۔ شہباز شریف بتائیں کہ پنجاب کے حصے کا پانی کس قیمت پربیچا گیا ۔ وہ گجرات میں مختلف وفود سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا این ایف سی ایوارڈ ہو یا لوڈشیڈنگ کا عذاب، کالا باغ ڈیم کی تعمیر ہو یا پنجاب کا پانی، وزیراعلیٰ نے صوبے کے حقوق کی بجائے ہمیشہ اپنی کرسی کا تحفظ کیا۔ ان کاکہنا تھا کہ جب تک چشمہ جہلم لنک کینال کا پانی نہیں کھولا جاتا احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ چشمہ جہلم لنک کینال کی بندش سے کسانوں کے لیے کھیتی باڑی ناممکن ہو گئی ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے الزام عائد کیا کہ ضمنی الیکشن میں عوام ن لیگ کے امید وار کو شکست دیدی تھی جسے دھاندلی سے کامیاب کرایا گیا۔