5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
وفاقی کابینہ کا اجلاس،حج کرایوں میں9 ہزارروپے کی کمی منظور
جنگ نیوز -
اسلام آباد…وفاقی کابینہ نے رمضان المبارک میں یوٹیلیٹی اسٹورز پر ریلیف پیکج کے لئے دوارب ستائیس کروڑکی سب سڈی دینے کی منظوری دی ہے، حج کرایوں میں9ہزارروپئے کمی کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔اسلام آباد میں ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیر اعظم نے رمضان پیکج پر عمل درآمد کا جائزہ لینے کے لئے چاروزرا پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جس میں وزیر تجارت،خزانہ ،خوراک و زراعت اور صنعت و پیداوار شامل ہیں۔ وزیر اعظم نے کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ رمضان میں چینی گندم اور دیگر اشیا کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں ، انہوں نے وزارت پانی و بجلی اور پیٹرولیم کو ہدایت کی کہ سحر اور افطار کے دوران گیس اور بجلی کی ملک بھر میں فراہمی یقینی بنائی جائے۔ وزارت داخلہ کورمضان کے دوران ، اسلام آبادمیں سستے بازارلگانے کی ہدایت کی گئی ۔وزیراعظم کاکہناتھاکہ وزرا اورارکان پارلیمنٹ باقاعدگی سے مارکیٹوں کے دورے کریں تاکہ ذخیرہ اندوزی اورناجائز منافع خوری کی روک تھام کی جاسکے۔