5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
ہالی وڈ اداکارہ انجلینا جولی بوسنیا کی جنگ پر فلم بنائیں گی
جنگ نیوز -
لاس اینجلس…سینٹرل مانیٹرنگ…ہالی وڈ کی آسکر ایوارڈ یافتہ اداکارہ انجلینا جولی نے بوسنیا کی جنگ پر فلم بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ہر بار منفرد موضوعات پر بنائی جانے والی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی انجلینا اب بحیثیت ہدایت کار اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گی اوران کی پہلی فلم کا موضوع بوسنیا کی جنگ ہوگا۔ فلم کا نام ’بالکانز‘ منتخب کیا گیا ہے جس میں وہ ایک ایسی مسلم خاتون کا کردار اداکررہی ہیں جوبوسنیا میں مسلمانوں کے قتل عام کے دوران سرب فوج کے ہاتھوں گینگ ریپ کا شکار ہوتی ہے۔فلم کی عکس بندی کے لیے انجلینا جولی اگست میں سربیا جائیں گی تاکہ شوٹنگ کے مقامات کا تعین کرسکیں۔فلم میں1992سے 1995ء کے دوران سربوں کے ہاتھوں بوسنیائی مسلمانوں کے قتل عام کے واقعات کی منظر کشی کی جائے گی۔ سربیا کے ایک پرائیوٹ ٹیلی ویژن چینل اور ایک سرب فلم اسٹوڈیو کے مالکان بھی انجلینا کے ساتھ اس فلم کے پروجیکٹ میں کام کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ انجلینا جولی نے، جو اقوام متحدہ کے ادارے برائے مہاجرین کی خیر سگالی کی سفیر بھی ہیں رواں سال اپریل میں اپنے شوہر بریڈ پٹ کے ہمراہ بوسنیا میں بالکانز مہاجرین کیمپوں کا دورہ بھی کیا تھا۔