5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
حیدرآباد:محلے داروں کا12سالہ لڑکے پر چوری کا الزام ، تشدد کرکے مارڈالا
جنگ نیوز -
حیدرآباد…حیدرآباد کے علاقے سرفراز کالونی میں محلے داروں نے12 سال کے بچے کو چوری کے الزام میں کئی گھنٹے شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور پانی سے بھرے ٹپ میں ڈال کر کرنٹ دوڑتی تار پانی میں چھوڑ دی جس سے بچہ جاں بحق ہوگیا۔پولیس ذرائع کے مطابق سرفراز کالونی کا رہائشی12سالہ شہریار تیسری جماعت کا طالبعلم تھا۔محلے کے لوگوں نے چوری کرنے کے الزام میں بچے کو پکڑ کر ایک کمرے میں بند کردیا اور کئی گھنٹوں تک شدید تشدد کا نشانہ بنا کر چوری کا الزام اگلوانے کی کوشش کرتے رہے۔بچہ نے مزاحمت کی تو پانی سے بھرے ٹپ میں ڈال کر تیز کرنٹ والا تار پانی میں چھوڑ دیاجس سے بچے کی حالت غیر ہوگئی اور محلے دار جائے واردات سے فرار ہوگئے۔اطلاع ملنے پر والدین بچے کو بیہوشی کے عالم میں سول اسپتال لیکر پہنچے تو ڈاکٹر وینٹی لیٹر نہ ہونے کے بہانے بچے کے علاج سے انکاری ہوگئے اور کراچی اسپتال منتقل کرنے کا مشورہ دیا۔ والدین بچے کو لیکر کراچی کیلئے نکلے تھے کے12 سالہ شہریار نے راستے میں ہی دم توڑ دیا۔بچے کے والدین انتہائی نڈھال ہیں تعلقہ تھانے کی پولیس نے ملزمان کیخلاف مقدمہ تو درج کرلیا ہے مگر تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی جبکہ بچے کی تدفین ٹنڈویوسف قبرستان میں کردی گئی ہے بچے کے والدین نے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے لال کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔