5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
خیبر پختونخواہ سمیت قبائلی علاقوں میں بارش و سیلاب نے تباہی مچادی
جنگ نیوز -
پشاور ... خیبر پختونخواہ سمیت قبائلی علاقوں میں بارش اور سیلاب نے تباہی مچادی۔ بجلی گرنے اور سیلابی ریلے میں بہہ کر 58 افراد جاں بحق اور سیکڑوں کچے مکانات گرگئے۔ دریائے سوات کا پانی چارسدہ میں داخل ہوگیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی درخواست پر پاک فوج علاقہ میں پہنچ گئی ہے۔محکمہ آبپاشی چارسدہ کے مطابق دریائے سوات میں سیلاب کے باعث ملاکنڈ ڈویژن کے علاقہ امان درہ سے منڈا ہیڈ پر پانی کا اخراج ایک لاکھ 57 ہزار کیوسک ہوگیا ہے۔سیلابی ریلہ چارسدہ میں داخل ہوگیا ہے اور لوگ اپنے گھروں میں محصور ہوگئے ہیں۔ سو سے زائد مکانات منہدم ہوگئے ۔ چارسدہ پشاور روڈ مکمل طور پر بند ہے۔۔ دلدار گڑھی میں رابطہ پل سیلاب میں بہہ گیا۔ تحصیل تنگی میں پلے ڈیم کا زیر تعمیر حصہ اور دو افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے۔ دریائے جیندی میں اونچے درجے کا سیلاب آنے سے پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ متاثرین کی مدد کے لئے پاک فوج پہنچ گئی ہے۔سوات کے علاقے مدین میں رابطہ پل ٹوٹنے سے مینگورہ اور کالام کے درمیان زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔بحرین میں 22 مکانات منہدم ہوگئے ہیں ۔ سیکڑوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں اور باغات تباہ ہوگئے ہیں۔ مٹہ، فتح پور اور کبل میں 8 افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے۔ بحرین میں رابطہ پل سیلابی ریلے میں بہہ گیا۔ بحرین اور کالام کا ملک کے دیگر علاقوں سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ شانگلہ میں مکانات کی چھتیں گرنے سے 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔ غوربن ڈیرئی میں بجلی گرنے اوردیگر علاقوں میں سیلاب سے 18 افراد جاں بحق ہوگئے۔ جبکہ 7 چھوٹے پل بہہ گئے۔اپردیر میں منگلا کے علاقہ میں 12 مکانات سیلابی ریلے میں بہہ گئے ۔دریائے پنج کوڑہ میں درجنوں افراد پھنس گئے ہیں جن کی زندگی کو خطرہ ہے۔دریائے پنج کوڑہ اور دریائے جندول سے ملحقہ فصلیں اور باغات سیلابی ریلے میں بہہ گئے ہیں۔ سیلابی ریلہ میں بہہ کر آنے والے تین بچوں کی لاشیں بھی نکال لی گئی ہیں۔ کوہستان کے علاقے داسو اور پٹن میں تین افراد اور مانسہرہ میں تین خواتین سمیت چار افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے، اوگی میں مکان کی چھت گرنے سے بچی جاں بحق ہوگئی۔تحصیل بالاکوٹ اور بٹ گرام کی تحصیل الائی میں چار نوجوان ڈوب کر ہلاک ہوگئے۔ بارش اور دریائے سندھ میں طغیانی سے دو پل اور ایک سرکاری ریسٹ ہاؤس بہہ گیا۔ خیبرایجنسی میں طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلے میں ایک بچہ ڈوب کر ہلاک ہوگیا۔ 25 مکانات منہدم ہوگئے۔مہمند ایجنسی میں ندی نالوں میں طغیانی آگئی اور نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔شمالی وزیرستان میں میران شاہ کے علاقے اسپلگہ میں مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے چھ افراد جاں بحق ہوگئے۔ جنوبی وزیرستان کے پہاڑی علاقوں میں شدید بارش کے بعد سیلابی پانی ٹا نک میں داخل ہوگیاہے ۔لکی مروت میں سرائے گمبیلہ کے قریب سیلابی ریلے نے چار افراد کو نگل لیا۔ کرک کی تحصیل تخت نصرتی میں سیلابی ریلے کے باعث مرکزی بازار سمیت کئی مکان زیر آب آگئے ۔ بنوں میں بھی سو سے زاید کچے مکانات سیلابی ریلے میں بہہ گئے۔نوشہرہ میں موسلا دھار بارش کے بعد شہر کی کئی شاہراہیں اور گلیاں زیر آب ہیں ۔ ضلعی انتظامیہ نے دریائے کابل کے کنارے رہائش پذیر افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کردی ہے۔بالائی علاقوں میں موسلادھار بارشوں کی وجہ سے دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہو گئی۔ ڈپٹی کمشنر میرپور چوہدری لطیف کے مطابق منگلا ڈیم میں پانی کی سطح تیزی سے بلند ہو رہی ہے۔ جس کے باعث قریبی آبادیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کردی گئی ہے اور تمام محکموں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ادھردریائے جہلم میں طغیانی آجانے کے باعث دریاکے کنارے آباد افراد محفوظ علاقوں کی جانب منتقل ہوناشروع ہوگئے ہیں۔